اسکول وین ہوئی حادثہ کا شکار،دو بچے شدید زخمی 

اندور:اسکول کے بچوں کو لے جانے والے ایک آٹو رکشہ کو ٹرک نے زوردار ٹکر ما ر دی ۔ٹکر اتنی زور کی تھی کہ آٹو موقع پر ہی پلٹ گیا۔ حادثے میں دو بچے شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ۔ حاصل معلومات کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی صبح 60 فٹ روڈ پر پیش آیا۔ بڑا گنپتی میں واقع شری کلاتھ مارکیٹ اسکول میں زیر تعلیم بچوںکولے کر آٹو رکشہ گھر چھوڑنے جارہا تھا۔ 60 فٹ روڈ چوراہے پر ایک ٹرک نے رکشہ کو زوردار ٹکر ماری جس سے آٹو کا توازن بگڑ گیا اور وہ پلٹ گیا۔ ٹرک رام چندر نگر سے مری ماتا کی جانب جارہا تھا۔ حادثے کے وقت آٹو میں 12 بچے سوار تھے۔ آٹو کے پلٹے ہی اس میں بیٹھے بچوں نے چیخ پکار مچا دی ۔ وہاں موجود راہ گیروں نے آٹو کو سیدھا کربچوں کو اس سے باہر نکالا اور پولیس کو اس حادثے کی اطلاع دی۔ بچوں کے لواحقین کو بھی راہ گیروںنے اس حادثہ کی معلومات فراہم کی ۔ اطلاع ملنے پر اہل خانہ فوری طور پر موقع پرپہنچے ، پولیس بھی موقع پرپہنچی ۔ اس حادثے میں دو بچے شدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں علاج کے لئے اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔