کمل ناتھ مجبور نہیں بلکہ مضبوط وزیر اعلیٰ ہیں،چھوٹے بھائی پربڑے بھائی کاطنز 

بھوپال:مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجئے سنگھ کے چھوٹے بھائی لکشمن سنگھ نے وزیر اعلی کمل ناتھ کے بارے میں گزشتہ دنوں متنازعہ بیان دیا تھااور انہیں مجبوروزیر اعلی بتایاتھا۔ اب لکشمن سنگھ کے بڑے بھائی اور سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ نے انہیں اس بیان پر مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمل ناتھ مجبور نہیں بلکہ مضبوط وزیر اعلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھوپال میں کانگریس کے دفتر میں پنڈت نہرو کی یوم پیدائش کے موقع پر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کمل ناتھ جی حکومت اور انتظامیہ کو مضبوطی سے چلا رہے ہیں۔بی جے پی پر طنزکستےہوئے دگ وجئے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ہر دن کہتی ہے کہ 2-3دن میں حکومت گرے گی ، جبکہ میں کہتا ہوں کہ یہ حکومت پورے پانچ سال تک چلے گی اورکملناتھ اسے بڑی مضبوطی سے چلائےں گے۔ دگ وجئے سنگھ نے کانگریس کارکنان سے کہا کہ آپ لوگ اب سے اگلے 5 سال کی تیاری شروع کردیں۔
وہیںسابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان پر طنزکستے ہوئے دگ وجئےنے کہا کہ کانگریس ریاست میں گزشتہ 15 سالوں کی ہر بدعنوانی کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے پچھلی حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے سنہستھ میں بڑے پیمانے پربدعنوانی کی ہے ، پنشن میںبدعنوانی کی ، ڈمپر خرایداری میں بدعنوانی کی کہانی اب سب کے سامنے آئے گی۔موجودہ حکومت ان تمام بدعنوانیوں پرپردہ اٹھائے اورگزشتہ حکومت کو بے نقاب کرے گی۔واضح رہے کہ چاچوڑا کے ایم ایل اے لکشمن سنگھ نے وزیر اعلی کمل ناتھ کے بارے میں ایک متنازعہ بیان دیاتھا ، جس میں انہوں نے وزیر اعلی کمل ناتھ کو مجبور وزیر اعلی قرار دیا تھااور کہا تھاکہ وہ ایک مضبوط اور طاقتور وزیراعلی بن کر دکھائیں۔اورترقیاتی کام میں دھیان دیں۔ جس پردگ وجئے سنگھ نے جواب دیا ہے۔